کپواڑہ، 10؍اپریل (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں واقع کیرین سیکٹر میں فوج نے آج دراندازی کی کوشش ناکام بنا تے ہوئے چار حملہ آوروں کو مار گرایاہے ۔بتایا جا رہا ہے کہ حملہ آوروں کا ایک گروپ پاکستانی فوج کی وردی میں کیرین سیکٹر میں کنٹرول لائن (ایل او سی) کے پاس سے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا، تبھی فوج نے چار دہشت گردوں کو مار گرایا۔ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق، فوج نے اس علاقے میں تلاشی مہم چھیڑ رکھی ہے، ابھی یہ پتہ نہیں چل پایا ہے کہ کل کتنے دہشت گرد اس علاقے میں ہیں۔جموں و کشمیر میں موسم سرما کے جاتے ہی سرحد پار سے دہشت گرد انہ سرگرمیوں میں اضافہ ہو گیا ہے ۔پیر کی صبح یہ دہشت گرد پاکستانی فوج کی مدد سے ہندوستان کے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے ،لیکن سیکورٹی فورسز نے ان کی کوششوں کو ناکام بنا دیا ،دونوں طرف سے خوب فائرنگ ہوئی۔ذرائع کے مطابق، دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوئے ہیں، وہ پاکستانی فوج کی وردی پہنے ہوئے تھے، فوج کا سرچ آپریشن اب بھی جاری ہے۔واضح رہے کہ کیرین سیکٹر کنٹرول لائن کے انتہائی قریب ہے، یہاں سال بھر سخت نگرانی رہتی ہے، لیکن پاکستان کی جانب سے دراندازی کی کوششیں بھی مسلسل جاری رہتی ہیں۔وہیں اتوار کو دہشت گردوں نے جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے ایک پولیس اسٹیشن پر حملہ کردیا تھا، لیکن جوانوں کی کارروائی کے بعد وہ لوگ فرارہو گئے تھے۔پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ دونوں جانب سے کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ کچھ دہشت گردوں نے رات میں تقریبا ساڑھے 8 بجے یاری پورہ پولیس اسٹیشن پر فائرنگ کی،ا س کے بعد پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی جس سے حملہ آور وہاں سے فرار ہو گئے۔کلگام جنوبی کشمیر کے اننت ناگ لوک سبھا حلقے میں آتا ہے، جہاں 12؍اپریل کو ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں۔گزشتہ ہفتے سے پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرکے مسلسل فائرنگ کی جا رہی ہے جس کی آڑ میں دہشت گرد مسلسل دراندازی کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں، گزشتہ دودنوں میں پاکستان کی جانب سے تقریبا 4 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی ہے